واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی میڈیا نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر 5 نومبر کو امریکی انتخابات سے قبل اسرائیلی حملے کا جواب دے گا۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیانے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کا ردِعمل حتمی اور تکلیف دہ ہو گا۔
امریکی میڈیا نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس کی معلومات کا ذریعہ کیا ہے لیکن اس کے الفاظ سے یہ واضح ہے کہ وہ ایرانی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایران نے اپنے فوجی ڈھانچے سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے کی کوشش کی ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کو اسرائیلی حملے کا جواب نہیں دینا چاہیے، انہوں نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ "انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ہم حمایت کریں گے۔ اسرائیل اپنا دفاع کر رہا ہے لیکن انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے‘‘۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جلد جنگ بندی کا امکان
ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر ایران جواب دینے کا انتخاب کرتا ہے، تو امریکا اسرائیل کے دفاع کے لیے کھڑا رہے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے یکم اکتوبر کو ایرانی حملے کے جواب میں 26 اکتوبر کو ایران پر میزائل حملہ کیا تھا۔
ایران نے اسرائیل کے فوجی اہداف پر حملوں میں 2 فوجی اہلکاروں کی شہادت کا اعلان کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کا کہنا تھا کہ ان اسرائیلی حملوں میں ایران کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 ایرانی فوجی اہلکار شہید ہوئے۔