غزہ اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری، مزید 50 فلسطینی شہید

Published On 20 November,2024 07:51 pm

غزہ: (دنیا نیوز) پناہ گزین کیمپوں اور اسپتالوں پر اسرائیلی فوج کے حملے تھم نہ سکے ، 24 گھنٹوں میں صیہونی حملوں میں مزید 50 فلسطینی شہید جبکہ 85 زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق جبالیہ میں اسرائیلی ٹینکوں کی بمباری سے 12 فلسطینی شہید ہوئے، رفاہ میں اسرائیلی گولہ باری میں بزرگ شخص سمیت2 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے ڈرون حملے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، مقبوضہ مغربی کنارے سے اسرائیلی فوج نے بچوں سمیت 7 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل نے شمالی غزہ کے لیے 31 امدادی مشنز کو رسائی دینے سے انکار کردیا ہے جس کے باعث کمال اعدوان ہسپتال میں مریضوں کی ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 43 ہزار 985 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 4 ہزار 92 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔