لبنانی سرحدوں کی نگرانی کی صلاحیت بہت زیادہ محدود ہوگئی: یونیفل کا اعتراف

Published On 20 November,2024 03:42 am

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان میں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفل اعتراف کیا ہے کہ لبنان کی جنوبی سرحدوں پر نگرانی کرنے کی فورسز کی صلاحیت بہت محدود ہوگئی ہے کیونکہ اس کی چوکیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیفل کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ارجنٹائن نے لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ اپنے 3 افسران کو واپس بلا لے گا، اسرائیل نے یونیفل فورسز سے جنوبی لبنان میں اپنی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کیا تھا جسے بین الاقوامی فوج نے مسترد کر دیا تھا۔

اسرائیل نے ستمبر کے آخر میں حزب اللہ کے جنگجوؤں کے خلاف لبنان میں زمینی مہم جوئی شروع کی تھی، اس دوران یونیفل نے اسرائیلی فوج پر الزام لگایا کہ اس نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اس کی چوکیوں اور کیمپوں پر حملے کئے تھے، ان حملوں میں امن فوجیوں پر گولی چلانا اور واچ ٹاورز کو تباہ کرنا شامل ہے۔