واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریٹائرڈ جنرل کیتھ کیلوگ کو روس اور یوکرین کے لیے مندوب مقرر کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق کیتھ کیلوگ نے روس یوکرین جنگ ختم کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی حویلی میں منعقدہ گالا پروگرام سے خطاب میں کہا کہ ہم روس اور یوکرین پر بہت زیادہ محنت کریں گے، اس چیز کو اب نکتہ پذیر کیا جانا چاہیے، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو اب ختم ہونا چاہیے۔
دوسری جانب جرمن چانسلر اولاف شولز کا روس کے صدر پیوٹن سے دو برس بعد ٹیلی فونک رابطہ ہوا جسے یوکرین جنگ کے محاذ امن کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق روس کے صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ انہوں نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، تاہم یوکرین نے اس میں ہمیشہ رکاوٹ ڈالی ہے ۔
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ وزیرصحت کیلئے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر ، ری پبلکن سینیٹر مارکو روبیو کو سیکرٹری خارجہ ، لنڈا میک میہن کو محکمۂ تعلیم، سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس جان ریٹکلیف کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کرچکے ہیں ۔
واضح رہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔