صنعا: (ویب ڈیسک) یمنی دارالحکومت صنعا اور الحدیدہ شہر کے مختلف مقامات پر اسرائیلی کی بمباری پر حوثی ملیشیا نے اس کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان حوثی گروپ یحییٰ سریع نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اسرائیلی حملہ حوثیوں کو جواب دینے اور غزہ کی پٹی کی حمایت جاری رکھنے سے نہیں روکے گا، انہوں نے مزید کہا کہ تل ابیب پر حملہ یمن پر اسرائیل کے حملوں کے ساتھ ہی ہوا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے وضاحت کی کہ اس گروپ نے یافا میں دو فوجی اہداف کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
اسرائیل نے حوثیوں کو میزائل فائر کرنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے دردناک حملوں کی دھمکی دی تھی، ایک ویڈیو پیغام میں اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے اعلان کیا کہ حوثی عالمی خطرہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے پیچھے ایرانی حکومت ہے جو اس گروپ کی سرگرمیوں کی مالی معاونت، اسلحے اور رہنمائی سے مدد کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں کسی بھی ایسے شخص کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے جو اسرائیل کی ریاست کو دھمکی دیتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی فوج نے حوثیوں کے فوجی اہداف پر فضائی حملے کئے، جن میں خاص طور پر بندرگاہیں اور توانائی کا بنیادی ڈھانچہ شامل تھا۔