برازیلیا:(دنیا نیوز) برازیل میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فائر حکام نے بتایا کہ جنوب مشرقی برازیل میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور کم از کم 32 افراد ہلاک ہو گئے۔
ریاست کے ملٹری فائر ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ حادثے میں 32 سے 35 کے درمیان افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ متاثرین کی حالت کے سبب فوری طور پر اموات کی حتمی تعداد بتانا ممکن نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر فائر فائٹرز نے بتایا کہ 45 مسافروں کو لے جانے والی بس کا ٹائر پھٹ گیا، جس کی وجہ سے ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور فیڈرل ہائی وے پر آنے والے ٹرک سے تصادم ہو گیا، تاہم، فائر حکام کے مطابق عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ ٹرک لے جانے والا گرینائٹ بلاک سڑک پر گرا اور بس سے ٹکرایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف فرانزک سے ہی صحیح پتا چل سکے گا کہ حادثے کی وجہ کیا تھی، بس ساؤ پالو سے ریاست باہیا کی طرف جارہی تھی۔
دوسری جانب فائر فائٹرز نے بتایا کہ تباہ شدہ بس سے 13 مسافروں کو بچا لیا ہے جبکہ ٹرک کے نیچے دب جانے والی کار میں سوار تین افراد اس حادثے میں بال بال بچ گئے۔