اسرائیل کی شدید بمباری، 50 فلسطینی شہید، کمال عدوان ہسپتال کو آگ لگا دی

Published On 28 December,2024 06:37 am

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل نےغزہ میں ظلم و بربریت کی حد کردی، کمال عدوان ہسپتال اور گردونواح میں شدید بمباری سے مزید50 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

شہید ہونے والوں میں میڈیکل سٹاف کے5ارکان بھی شامل ہیں، شہدا کی مجموعی تعداد 45ہزار 426تک پہنچ گئی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں آخری فعال ہسپتال کمال عدوان کو آگ لگا دی، اسرائیلی حملوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کیلئے سرد موسم بھی چیلنج بن گیا، امداد تاحال بحال نہ ہو سکی۔

غزہ میں سرد موسم کے باعث72 گھنٹوں کے دوران4 بچے سردی کی وجہ سے دم توڑ چکے ہیں، ڈبلیو ایچ او کے مطابق اسرائیل غزہ میں قتل عام، انفراسٹرکچر کے بعد اب صحت کے نظام کو تباہ کر رہا ہے، غزہ کے ہسپتالوں میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ بہت خطرناک ہے۔

حماس کے مطابق اسرائیل ہیلتھ مراکز کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل غزہ میں غذائی بحران کو فلسطینیوں کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کے خلاف ایکشن ہونا چاہئے۔