استنبول میں نئے سال کے پہلے روز ہزاروں افراد غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے باہر نکل آئے

Published On 01 January,2025 09:29 pm

استنبول: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے مشہور گلاتا پل میں نئے سال پہلے ہزاروں افراد نے جمع ہو کر غزہ سے اظہار یک جہتی کیا اور اسرائیلی وحشیانہ مظالم کی مذمت کی۔

غیر ملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے حامی 300 سے زائد گروپس کا اتحاد نیشنل ول پلیٹ فارم کے زیراہتمام گلاتا پل پر جمع ترک شہری اپنا قومی پرچم اور فلسطین کا پرچم لہرا رہے تھے اور فری فلسطین کے نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرین سے ترک صدر رجب طیب اردوان کے بیٹے بلال اردوان نے خطاب کیا اور غزہ کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے اسرائیل کی بدترین کارروائیوں کی مذمت کی۔

بلال اردوان کا کہنا تھا کہ شام کے مسلمان پرعزم تھے اور تحمل کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں انہیں کامیابی ملی، شام کے بعد غزہ بھی جاری محاصرے سے جیت کر نکلے گا۔

رپورٹ کے مطابق احتجاج کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہزاروں افراد جمع ہیں جو گلاتا پل سے لے کر قریبی اضلاع ایمینونو اور سیرکیسی تک پھیلے ہوئے ہیں۔