اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان طالبان کے تمام دعوؤں کے باوجود افغانستان میں دہشتگردی، غربت اور بے روزگاری برقرار ہے۔
بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں نصف آبادی بالخصوص خواتین غربت کا شکار ہیں۔
ورلڈ بینک کے مطابق غربت کے ساتھ افغانستان کی 25 فیصد آبادی شدید غذائی قلت کا شکار ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کے مطابق افغانستان کی ایک تہائی آبادی کو فوری غذائی امداد کی ضرورت ہے۔
بین الاقوامی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس کمزور اقتصادی حالات اور شدید غذائی قلت کے سبب افغانستان میں 15.8 ملین افراد متاثر ہوئے، افغان طالبان کی پالیسیوں اور غربت کے باعث چائلڈ لیبر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے اقتدار پر قبضے کے بعد افغان عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی ناممکن ہے، غریب افغان عوام کے نام پر جو امداد بیرونی ممالک سے آتی ہے وہ بھی طالبان اپنے قبضے میں کر لیتے ہیں۔