بیجنگ کی چینی فرمز کو ’’فوجی کمپنیوں‘‘ کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی اقدام کی مخالفت

Published On 09 January,2025 03:09 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) بیجنگ نے بعض چینی فرمز کو ’’فوجی کمپنیوں‘‘کے طور پر فہرست میں شامل کرنے کے امریکی اقدام کی شدید مخالفت کی ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ امریکا نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کے قوانین اور مارکیٹ کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے قومی سلامتی کے تصور کو عام کیا، ریاستی طاقت کا غلط استعمال کیا ہے اور چینی کاروباری اداروں کو بلاجواز دبانے کے لیے چین کی فوجی، شہری انضمام کی حکمت عملی کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ امریکی اقدام نے بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی آرڈر کو بری طرح متاثر کیا اور عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو نقصان پہنچایا ہے۔

وزارت تجارت کا مزید کہنا تھا کہ چین امریکا پر زور دیتا ہے کہ وہ حقائق اور قواعد کا احترام کرے، اپنے غلط طرز عمل کو فوری طور پر روکے اور چینی فرمز کے ساتھ منصفانہ، مساوی اور بلا تعصب سلوک کرے۔