چینی وزیرخارجہ کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

Published On 13 January,2025 04:32 am

مالے: (ویب ڈیسک) سی پی سی سینٹرول کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے افریقہ کے دورے سے ملک واپسی پر مالدیپ کے صدر محمد معیزو سے ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس موقع پر محمد معیزو نے کہا کہ مالدیپ ہمیشہ چین کا قریبی شراکت دار بننے، اپنی روایتی دوستی کو مستحکم کرنے، مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کی زیادہ سے زیادہ ترقی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالدیپ بین الاقوامی اور علاقائی امور میں چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی انصاف کو برقرار رکھنے کے لئے تیار ہے۔

میڈیا رپورٹ نے مزید بتایاکہ وانگ ای نے کہا کہ چین، مالدیپ تعاون نے چھوٹے بڑے ممالک کے درمیان باہمی احترام، مساوات اور مشترکہ ترقی کی مثال قائم کی ہے، انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح مالدیپ کی قومی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ اور فعال طور پر اس کے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ تلاش کرنے میں حمایت کرے گا۔