دبئی میں ’’ون ملین پرامپٹرز‘‘ اقدام کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

Published On 15 January,2025 02:45 am

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے دنیا کے پہلے اور سب سے بڑے ’’ون ملین پرامپٹرز‘‘ اقدام کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ون ملین پرامپٹرز پروگرام کے انعقاد کا مقصد 10لاکھ افراد کو اے آئی پرامپٹ انجینئرنگ کے شعبے میں تربیت فراہم کرنا ہے۔

یہ اقدام مئی 2024ء میں ولی عہد دبئی، نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایات پر شروع کیا گیا تھا، یہ دبئی کی مصنوعی ذہانت کو اپنانے اور جدت میں قیادت کے ویژن کا اہم حصہ ہے۔

اگلے تین سال کے دوران اس پروگرام کا مقصد شرکاء کو جدید اے آئی پرامپٹ ٹیکنالوجیز میں مہارت حاصل کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے، اور جنریٹو اے آئی کی تبدیلی کی طاقت کو بروئے کار لانے کے لیے اہم مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔

یہ اقدام ’’دبئی یونیورسل بلوپرنٹ فار اے آئی‘‘ کے مطابق ہے، جس کا مقصد مختلف شعبوں میں اے آئی ٹیکنالوجیز کو ضم کرنا اور ماہر ٹیلنٹ تیار کرنا ہے۔

دبئی سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر سعید الفلاسی کے مطابق اس پروگرام میں ایک جامع نصاب شامل ہے جسے چار ماڈیولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلا ماڈیول، مصنوعی ذہانت اور پرامپٹ لٹریسی پر بنیادی علم فراہم کرتا ہے، دوسرا ماڈیول انسانی اور اے آئی کے درمیان تعامل کو بہتر بنانے کے لئے ایڈوانسڈ پرامپٹ انجینئرنگ تکنیکوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

تیسرا ماڈیول پیشہ ورانہ ماحول میں ورک فلو کو بہتر بنانے اور پیداواریت میں اضافے کے لیے اے آئی کے استعمال کے اوزار اور حکمت عملیوں پر مبنی ہے۔

آخری ماڈیول، تخلیقی شعبوں جیسے کہ آرٹ، موسیقی، اور ویڈیو پروڈکشن میں اے آئی کے اطلاق پر روشنی ڈالتا ہے، یہ نصاب شرکاء کو اے آئی پرامپٹ انجینئرنگ میں مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

پروگرام مکمل کرنے والے شرکاء کو اے آئی پرامپٹ انجینئرنگ میں مہارت کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ملے گا، جو ان کی پیشہ ورانہ شناخت کو مزید مستحکم کرے گا۔