یو اے ای کابینہ کا رواں سال کا پہلا اجلاس، ترقیاتی کامیابیوں، مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا

Published On 04 January,2025 02:08 am

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کی وفاقی حکومت کا 2025ء کا پہلا کابینہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے 2025ء کے پہلے اجلاس کی صدارت نائب صدر، وزیراعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کی، اس موقع پر نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور ڈائریکٹر صدارتی دفتر شیخ منصور بن زاید النہیان، اور ولی عہد دبئی، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی رہنماؤں نے شرکت کی۔

شیخ محمد بن راشد نے 2024ء کو متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی کے لئے تاریخ کا سب سے نمایاں سال قرار دیا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال حکومت نے 750 قومی منصوبے اور اقدامات شروع کئے، 1,300 فیصلے جاری کئے اور ترقیاتی تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے تقریباً 70 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں اس وقت 1,325 سرکاری اور نجی سکولوں میں 1.2 ملین سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں 107 جامعات موجود ہیں، جن میں 96,000 بین الاقوامی طلبہ شامل ہیں۔

2024 میں 20 نئے سکولوں کا اضافہ ہوا اور 23,000 نئے ڈگری پروگرامز شروع کئے گئے، کابینہ کو بتایا گیا کہ ’’نفس‘‘ منصوبے کے تحت 131,000 اماراتیوں کو نجی شعبے میں ملازمتیں فراہم کی گئیں، جو منصوبے کے نفاذ سے پہلے کے مقابلے میں 350 فیصد زیادہ ہیں، مقامی نوجوانوں نے 25,000 چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار قائم کئے۔

اجلاس میں اہم قوانین، ضوابط، اور بین الاقوامی معاہدوں کی منظوری دی گئی، جن میں آسٹریلیا کے ساتھ جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ اور ترکی کے ساتھ سرمایہ کاری تحفظ معاہدہ شامل ہے، یہ اقدامات دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے عملی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔