روس سے تعلقات جامع تزویراتی اور فائدہ مند تعاون پر مبنی ہیں: چینی صدر

Published On 22 January,2025 04:18 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ روس سے تعلقات جامع تزویراتی اور فائدہ مند تعاون پر مبنی ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کو شاندار طریقے سے منایا اور چین روس تعلقات جو مستقل اچھی ہمسائیگی اور دوستی پر بھی مبنی ہیں، ان میں مسلسل نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی، دونوں سربراہان مملکت نے نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ کیا، اس مو قع پر شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ 2024ء میں ہمارے درمیان تین ملاقاتیں ہوئیں اور کئی اہم اتفاق رائے حاصل ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ نئے سال میں فریقین کو سٹریٹجک تعاون کو گہرا کرنا، ایک دوسرے کی بھرپور حمایت اور دونوں ممالک کے جائز مفادات کا تحفظ جاری رکھنا چاہئے، دوطرفہ تعلقات کو مستحکم اور وسیع کرنا اور عملی تعاون کی گہری ترقی کو فروغ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے موجودہ چیئرمین ملک کی حیثیت سے چین شنگھائی تعاون تنظیم کو اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں داخل کرنے کے لئے روس اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے پر اعتماد، حمایت اور برابری کا سلوک کیا ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان تعاون دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کے مطابق ہے اور بین الاقوامی صورتحال میں تبدیلیوں سے کبھی متاثر نہیں ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون نے اچھی رفتار برقرار رکھی ہے، ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں فریقوں نے کثیر الجہتی فورمز پر قریبی رابطے اور تعاون کو برقرار رکھا ہے۔