بہار: (دنیا نیوز) بھارت میں بندر نے دھکا دے کر دسویں جماعت کی طالبہ کو چھت سے نیچے گرا دیا جس سے لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے گاؤں مگھر میں پیش آیا جہاں دسویں جماعت کی پریا کماری نامی طالبہ سرد موسم کے باعث چھت پر دھوپ میں بیٹھ کر پڑھ رہی تھی کہ بندروں کا جھنڈ چھت پر آگیا جسے دیکھ کر وہ خوفزدہ ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق محلے والوں نے بندروں کو دیکھ کر شور مچایا تو لڑکی نے چھت سے بھاگ کر گھر میں جانے کی کوشش کی، اسی دوران بندر نے پریا کو زور سے دھکا مارا جس کی وجہ سے وہ چھت سے نیچے جا گری اور بری طرح زخمی ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق نیچے گرنے کے نتیجے میں لڑکی کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ بے ہوش ہوگئی، اسے بچانے کیلئے فوری طور پر سیوان صدر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے متعدد زخموں کو وجہ قرار دیتے ہوئے طالبہ کی موت کی تصدیق کر دی۔
اس حوالے سے اہل علاقہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیں اور بندروں کے حملوں سے انسانی جانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔