فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنا نسل کشی کے مترادف ہوگا، اقوام متحدہ

Published On 31 January,2025 11:25 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے نکالنا ان کی نسل کشی کے مترادف ہوگا۔

عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی جاری رہنی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے اخراجات اور مدت کا تخمینہ لگانا انتہائی مشکل ہے، سب سے اہم ٹاسک رفح سرحدی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو غزہ پٹی سے نکالنا نسل کشی کے مترادف ہوگا، فلسطینیوں کو نکالنےکی کوشش سے دوریاستی حل کا منصوبہ ناکام ہوجائےگا۔

دوسری جانب غزہ سے فلسطینیوں کی منتقلی کے امریکی صدر کے بیان پر مصری شہریوں نے رفح سرحدی کراسنگ کے قریب احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی دیگر ممالک میں زبردستی آبادکاری کے امریکی صدرکےبیان کومسترد کرتےہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل دوریاستی حل ہے، فلسطینی عوام کو اپنی ہی سرزمین سے نکالنے سے خطے میں مزید کشیدگی پھیلےگی۔