ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے طلبہ اپنی سیاسی جماعت بنانے کی تیاری کررہے ہیں اور اس حوالے سے پورے ملک میں لوگوں کو منظم کیا جارہا ہے،انہیں اس کا موقع ضرور ملنا چاہیے۔
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ملکی آئندہ عام انتخابات بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امکان یہ ہے کہ طلبہ خود ایک پارٹی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ جب ملک میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت ختم ہوئی تو انہوں نے اپنی مشاورتی کونسل میں تین طلبا کو شامل کیا تھا۔
ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ اس وقت میرا مؤقف یہ تھا کہ اگر وہ ملک کے لئے جان دے سکتے ہیں تو وہ کابینہ میں بیٹھ کر فیصلے بھی کر سکتے ہیں کہ وہ کس چیز کے لئے جان دے رہے ہیں اور میرے خیال میں وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعت بنانے میں طلبہ کی بڑھتی دلچسپی کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اس حوالے سے ممکنہ طور پر پیش آنے والے چیلنجز سے خبر دار بھی کیا، انہوں نے کہا کہ ایک بار جب طلبہ سیاست میں داخل ہو جائیں گے تو ہر طرح کے سیاستدان ان کے ساتھ جڑنے کی کوشش کریں گے اور اس طرح ان کے درمیان اختلافات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ طلبہ ملک کی موجودہ سیاست کو بدل سکیں گے یا نہیں لیکن ان کو اس کا موقع ضرور ملنا چاہئے، وہ اس کے لئے تیار ہیں اور اس غرض سے اپنی مہم چلا رہے ہیں اور خود کو پورے ملک میں منظم کر رہے ہیں۔