حزب اللہ کے رہنماؤں شہید حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

Published On 23 February,2025 07:12 pm

بیروت: (دنیا نیوز) حزب اللہ کے رہنماؤں شہید حسن نصر اللہ اور ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق نماز جنازہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سپورٹس سٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد سمیت 65 ممالک کی تقریباً 800 شخصیات نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو 27 ستمبر 2024 کو تنظیم کے زیر زمین ہیڈ کوارٹر پر بمباری کرکے اسرائیلی فوج نے شہید کیا تھا،حسن نصر اللہ کی جگہ حزب اللہ کی قیادت ہاشم صفی الدین نے سنبھالی تاہم انہیں بھی اگلے ہی ماہ اکتوبر 2024 کو شہید کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب حزب اللہ رہنماؤں کی نماز جنازہ کے دوران جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی فضائی جارحیت جاری رہی اور جنوبی لبنان کے علاقوں قلیلہ، انصار، جناتہ، بارش اور معروب میں فضائی کارروائی کی۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوجی طیاروں نے حلوسیا اور زیراریہ کے درمیانی علاقے پر بھی حملہ کیا تاہم جانی نقصان یا زخمیوں کے حوالے سے واضح نہیں کیا گیا۔