لندن: (ویب ڈیسک) یمنی حوثیوں کے ڈرونز دور تک پرواز کے قابل ہوسکتے ہیں اور ان کا ریڈار میں نظر آنا بھی مشکل ہوسکتا ہے۔
دنیا بھر میں جنگوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی شناخت کرنے والے ایک برطانوی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شواہد سے پتا چلتا ہے کہ حوثیوں نے ڈرونز کے حوالے سے نئی ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ڈرونز کا پتا لگانا زیادہ مشکل ہو سکتا ہے اور یہ مزید دور تک پرواز کرسکتے ہیں، اگر امریکا یا اسرائیل دوبارہ جنگ شروع کریں تو نئی ٹیکنالوجی کے حصول کے بعد حوثی انہیں حیران کرسکتےہیں۔
برطانوی ادارے نےاپنی رپورٹ حوثیوں کے زیر استعمال ہتھیاروں کی جانچ کے بعد جاری کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حوثیوں کے رہنما عبدالملک الحوثی نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے4 دن کے اندر غزہ میں امداد کا داخلہ نہ کھولا تو وہ اسرائیل کے خلاف اپنی بحری کارروائیاں دوبارہ شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ حوثیوں نے غزہ جنگ کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر اسرائیل پر کئی حملے کیے تھے۔