چین کا جوابی وار: امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف عائد کر دیا

Published On 12 April,2025 01:57 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) دو بڑی طاقتوں میں ٹیرف جنگ میں مزید شدت آگئی، امریکا اور چین آمنے سامنے آگئے۔

چین نے امریکا کے 145 فیصد ٹیرف کے جواب میں امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف عائد کر دیا، وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا نے چین پر 20 فیصد لیوی کی مد میں اضافہ کیا، چین نے امریکا کو عالمی اقتصادی نظام کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔

چینی وزارت خارجہ نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارتی قوانین پامال نہیں ہونے دیں گے، امریکی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، واشنگٹن تجارتی جنگ چاہتا ہے تو آخر تک لڑیں گے۔

چین نے ٹرمپ ٹیرف کے ستائے ملکوں کو ساتھ ملانے کی ٹھان لی، چینی صدر شی جن پنگ 14 اپریل سے کمبوڈیا، ویتنام اور ملائیشیا کا دورہ کریں گے، تینوں ملک ٹرمپ ٹیرف سے شدید متاثر ہوئے۔

واضح رہے کہ ویتنام اور چین کے درمیان ریلوے اور دفاعی تعاون سمیت 40 معاہدے متوقع ہیں۔