ایران کی شاہد رجائی بندرگاہ پر دھماکہ، 4 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی

Published On 26 April,2025 06:30 pm

بندرعباس: (دنیا نیوز) ایران کے شہر بندر عباس میں شاہد رجائی بندرگاہ پر ہوئے دھماکے سے 4 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکا بندرگاہ کے اندر ایڈمنسٹریٹو عمارت میں ہوا، دھماکے سے درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حادثے کی ہر پہلو سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں آتش گیر مواد کو ذخیرہ کرنے میں غفلت سے دھماکہ ہوا، دھماکے کے بعد بندرگاہ کے ایک حصے میں آگ بھڑک اُٹھی۔

بندرگاہ پر ہونے والا دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی علاقوں میں زلزلے جیسے جھٹکے محسوس کیے گئے، شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کئی کلومیٹر دور واقع عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔