یرغمالیوں کی واپسی غزہ جنگ کا بنیادی مقصد نہیں: نیتن یاہو

Published On 02 May,2025 11:07 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی واپسی غزہ جنگ کا بنیادی مقصد نہیں ہے۔

نیتن یاہو نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غزہ میں موجود 59 یرغمالیوں کو واپس لانا چاہتے ہیں لیکن اس جنگ کا بنیادی مقصد دشمن کو شکست دینا ہے۔

نیتن یاہو کے اس بیان پر یرغمالیوں کے اہل خانہ کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا اور ایک یرغمالی کی ماں نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج سے میرا مقصد نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانا ہے۔

یرغمالیوں کے اہلخانہ کی نمائندگی کرنے والے فورم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی حکومت کی ’اولین ترجیح‘ ہونی چاہیے۔

گزشتہ کئی ماہ سے یرغمالیوں کے لواحقین اور ان کے حامی مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت غزہ میں جنگ بندی کے ایسے معاہدے پر پہنچے جو تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کو یقینی بنائے۔