پہلگام فالز فلیگ: انتہا پسند ہندوؤں کی جنونیت کیخلاف نہتی لڑکی ڈٹ گئی

Published On 04 May,2025 11:24 am

نینی تال: (دنیا نیوز) پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد بھارت میں انتہاء پسند ہندو عناصر کی جانب سے مسلمانوں پر تشدد اور انتشار پھیلانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نینی تال میں انتہا پسند ہندوؤں کے ایک ہجوم نے مسلمانوں کی دکانوں پر دھاوا بول دیا، توڑ پھوڑ کی اور لوٹ مار کی۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس موقع پر موجود تھی لیکن اس نے خاموشی سے سارا تماشہ دیکھا اور حملہ آوروں کو روکنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا، تاہم اس صورتحال میں ایک جرأت مند بھارتی شہری شاہیلہ نگی انتہاء پسند ہندوؤں کی اس درندگی کیخلاف تن تنہا کھڑی ہوگئی، شاہیلہ نگی نے ہجوم کے سامنے ڈٹ کر مسلمانوں کی دکانوں کو بچانے کی کوشش کی۔

شاہیلہ نگی کو مسلمانوں کا ساتھ دینے پر انتہا ءپسند ہندوؤں کی جانب سے سنگین دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، لیکن شاہیلہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ ایک بھارتی شہری ہیں اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ اسے خاموش کرائے۔

شاہیلہ نگی نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام میں جو کچھ ہوا، اسے انتہا پسند ہندو دنگا فساد برپا کرنے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے انتہاء پسندوں کی تنگ نظر سوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہی سوچ انہیں سڑکوں پر لے آئی ہے، انتہاء پسند ہندوؤں کا واحد مقصد مسلمانوں کو نقصان پہنچانا اور ملک میں فساد پھیلانا ہے۔

شاہیلہ نگی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سچ بولنے کی پاداش میں انہیں انتہا پسند ہندوؤں کی طرف سے ریپ کی دھمکیاں مل رہی ہیں، لیکن انہوں نے واضح کیا کہ وہ اِن دھمکیوں سے ہرگز نہیں ڈریں گی کیونکہ سچ کی طاقت ان کے ساتھ ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انتہا پسند ہندوؤں کی اس زہریلی سوچ نے پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور مودی کی لگائی ہوئی یہ نفرت کی آگ بالآخر اسے ہی جلا کر راکھ کر دے گی۔