صدر یو این جنرل اسمبلی کا پاک بھارت جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم

Published On 11 May,2025 09:24 am

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے پاک بھارت جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔

اپنے بیان میں صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی فلیمون یانگ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، دونوں ممالک میں جنگ بندی کشیدگی میں کمی کی جانب معنی خیز پیش رفت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سیز فائر دونوں ممالک کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کیلئے عزم کا اظہار ہے۔

فلیمون یانگ نے کہا کہ خطے میں امن وسلامتی کیلئے دونوں ممالک معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائیں، تمام معاملات اقوام متحدہ قوانین کے مطابق بات چیت اور سفارتکاری سے حل کئے جائیں۔

واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ بندی پر دنیا بھر کے ممالک کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے یہ معاہدہ دیرپا قیام امن میں معاون ثابت ہوگا۔