اسرائیل کا امداد کے منتظر نہتے فلسطینیوں پر حملہ، 45 شہید، درجنوں زخمی

Published On 17 June,2025 02:56 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں التحلیہ چوراہے پر امداد کے منتظر فلسطینیوں پر حملہ کر کے کم از کم 45 افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ناصر میڈیکل کمپلیکس کی ایمرجنسی، آئی سی یو اور آپریٹنگ رومز زخمیوں اور شہدا کی بڑی تعداد کے باعث شدید دباؤ میں ہیں۔

یہ سانحہ ان امدادی مقامات پر پیش آیا جنہیں غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن کے تحت امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے قائم کیا گیا ہے، یہ علاقے اسرائیلی فوج کے سخت کنٹرول میں ہیں اور ناقدین انہیں انسانی ذبح خانے قرار دے چکے ہیں۔

اسرائیل پہلے بھی امدادی مراکز کے باہر امداد لینے کے لیے جمع ہوئے فلسطینیوں پر بمباری کر چکا ہے، جس کی دنیا بھر میں اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں مذمت کر چکی ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر تُرک نے اس واقعہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے جنگی طریقے فلسطینیوں پر ناقابلِ بیان اور ہولناک اذیت مسلط کر رہے ہیں۔

غزہ میں 20 ماہ سے جاری اسرائیلی بمباری اور حملوں میں اب تک 55,362 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں ہزاروں بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں۔