ایرانی حملوں کا خوف، صیہونیوں نے زیر زمین پناہ گاہوں میں ڈیرے ڈال لیے

Published On 18 June,2025 10:30 pm

تل ابیب: (ویب ڈیسک) ایران کی جانب سے مسلسل حملے کیے جانے کے بعد اسرائیلیوں نے زیر زمین پناہ گاہوں میں مستقل ڈیرے ڈال لیے۔

ایران کی جانب سے 13 جون کے بعد مسلسل میزائل حملوں کے بعد تل ابیب سمیت گرد و نواح کے اسرائیلی شہریوں نے زیر زمین بنائی گئی پناہ گاہوں میں مستقل سکونت اختیار کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت نے تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں زیر زمین شیلٹرز بنا رکھے ہیں جب کہ زیر زمین بس اور میٹرو اسٹیشنز کو بھی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی حکومت اپنے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے جہاں ایئر ڈیفینس سسٹم پر اربوں ڈالر کے اخراجات کرتی ہے، وہیں حکومت مستقل بنیادوں پر زیر زمین شیلٹرز کی تعمیر بھی کرتی رہتی ہے۔

اگرچہ اسرائیل بھر میں زیر زمین پناہ گاہوں کا نیٹ ورک موجود ہے، تاہم اس باوجود اسرائیل کو ہزاروں شیلٹرز کی کمی کا سامنا ہے اور تقریبا 26 لاکھ اسرائیلی شہری محفوظ پناہ گاہوں تک رسائی سے محروم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے مسلسل جارحانہ میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بچوں اور پالتو جانوروں سمیت زیر زمین پناہ گاہوں میں مستقل سکونت اختیار کرلی ہے جب کہ فلسطینی نژاد اسرائیلی شہریوں کو مذکورہ ٹھکانوں میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔