سعودی عرب کی جانب سے ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم

Published On 24 June,2025 02:27 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

سعودی  وزارت خارجہ نے  کہا ہے کہ  سعودی عرب خطے میں کشیدگی ختم کرکے فریقین کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ 

وزارت خارجہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا ہے۔

سعودی عرب نے کہا ہے کہ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے، طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں گے اور یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا تاکہ مسلسل کشیدگی کے خطرات سے بچا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ایک بار پھر اپنے اس پختہ مؤقف کا اعادہ کرتا ہے کہ علاقائی تنازعات اور اختلافات کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارتی ذرائع اپنانے چاہییں تاکہ ریاستوں کی خودمختاری کا احترام کیا جا سکے اور خطے و دنیا میں امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔