امریکی حملے میں ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا: ڈائریکٹر سی آئی اے

Published On 26 June,2025 12:24 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سی آئی اے کے ڈائِریکٹر جان ریٹکلف نے کہا ہے کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ایرانی جوہری پروگرام کو کئی دہائی پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔

اس سے قبل امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی ابتدائی خفیہ انٹیلی جنس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ امریکی حملوں سے ایران کا پروگرام صرف چند ماہ پیچھے گیا ہے۔

سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کی معلومات اور نئے انٹیلی جنس نظام کے تحت ملنے والی اطلاعات کے مطابق امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

 ڈائریکٹر نے کہا کہ امریکی حملے میں کئی ایرانی جوہری تنصیبات کو تباہ کردیا گیا ہے اور اب ان کی دوبارہ تعمیر میں برسوں لگیں گے، انتہائی قابل اعتماد اور درست ذرائع اور طریقے اس جائزے کو سپورٹ کرتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ مزید انٹیلی جنس جمع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مناسب فیصلے کرنے والوں کو مکمل طور پر آگاہ کیا جاسکے اور جب ممکن ہوا عوام کو ان سے آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغائی نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کی جوہری تنصیبات کی حالت کے بارے میں قطری نشریاتی ادارے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ جی ہاں، ہماری جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے کیونکہ ان کو بار بار حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

نئی رپورٹ ٹرمپ کی تنصیبات تباہ کرنے کی تصدیق کرتی ہے: تُلسی گبارڈ

امریکی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تُلسی گبارڈ کا کہنا ہے کہ نئی انٹیلی جنس رپورٹ ٹرمپ کی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کر دی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں امریکی نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تُلسی گبارڈ نے کہا ہے کہ ایران اگر انہیں دوبارہ تعمیر کرنا چاہے تو تینوں جوہری تنصیبات کی ازسرِنو تعمیر کرنی ہوں گی، ایران کو نطنز، فردو اور اصفہان جوہری تنصیبات کی تعمیرِ نو میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

تُلسی گبارڈ کا کہنا ہے کہ پروپیگنڈا میڈیا نے ہمیشہ کی طرح اپنا پرانا حربہ استعمال کیا ہے، پروپیگنڈا میڈیا نے خفیہ انٹیلیجنس رپورٹس کے صرف مخصوص حصے جاری کیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پروپیگنڈا میڈیا کا مقصد صدر ٹرمپ کی فیصلہ کُن قیادت اور تاریخی مشن انجام دینے والے بہادر فوجیوں کو کمزور دکھانا تھا۔

کچھ ذہنی بیمار امریکی پائلٹوں کو کریڈٹ نہیں دینا چاہتے: ٹرمپ

یاد رہے کہ امریکی میڈیا نے ایک لیک رپورٹ کو بنیاد بنا کر ڈونلڈ ٹرمپ کو گھیر لیا، جس پر امریکی صدر جھنجھلا گئے اور انٹیلی جنس رپورٹ کا غصہ امریکی میڈیا پر نکال دیا، نام لے لے کر برا بھلا کہا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این، نیو یارک ٹائمز اور ایم ایس این بی سی کو کچرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات کو مکمل تباہ کردیا گیا، لیکن کچھ ذہنی بیمار امریکی پائلٹوں کو کامیابی کا کریڈٹ نہیں دینا چاہتے۔