ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف جارحیت بے بنیاد ہے، روس ایرانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔
روسی صدر نے عباس عراقچی کو یقین دلایا کہ ایرانی عوام کی مدد کریں گے، حالیہ واقعات پر ہمارا مؤقف وزارت خارجہ کے ذریعے پہنچا دیا گیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے باقاعدہ آغاز پر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ یہ ملاقات ہمیں موجودہ صورتحال سے نکلنے کے راستے تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گی، کشیدگی ختم کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔
اس موقع پر عباس عراقچی نے روسی صدر پیوٹن کی جانب سے امریکی حملے کی مذمت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس تاریخ میں صحیح طرف کھڑا ہے، روس اور ایران کے دشمن مشترکہ ہیں۔
انہوں نے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کی پیوٹن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: صہیونی دشمن نے سنگین غلطی کی، سزا دی جائے گی: آیت اللہ خامنہ ای
قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھا کہ سفارتکاری کا دروازہ یقینی طور پر بند ہو چکا ہے، ایران پر امریکی حملے بین الاقوامی نظام کی تباہی اور مکمل ناکامی ہیں، عالمی ادارے کی عدم فعالیت سےبحران بڑھنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ایک ایٹمی ریاست کی جانب سے غیر ایٹمی ریاست پر یہ حملہ این پی ٹی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔