غزہ: (دنیا نیوز) غزہ پٹی میں جمعے کے روز اسرائیلی فضائی حملوں اور امداد کے حصول کے لیے جدو جہد کرنے والے افراد پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 35 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے مطابق مئی کے آخر سے اب تک غزہ میں امدادی قافلوں کے آس پاس اور امریکی حمایت یافتہ تنظیم غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن‘‘ (جی ایچ ایف) کے مراکز کے قریب 613 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ترجمان روینا شمداسانی کے مطابق ان میں سے 509 ہلاکتیں جی ایچ ایف کے مراکز کے اندر یا آس پاس ہوئیں، شمداسانی نے کہا کہ اگرچہ ابھی یہ واضح نہیں کہ ان ہلاکتوں کے لیے کون ذمہ دار ہے لیکن یہ طے ہے کہ اسرائیلی فوج نے امدادی مراکز کی طرف جانے والے فلسطینیوں پر گولہ باری اور فائرنگ کی۔
انسانی حقوق کی نتظیموں کا کہنا ہے کہ غزہ میں کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت کی وجہ سے فلسطینی تھوڑی سی خوارک کے لیے بھی اپنی زندگیاں داؤ پر لگانے کے لیے تیار ہیں ۔
ناصر ہسپتال کے حکام کے مطابق جمعہ کی شب رفح کے قریب امدادی مرکز کے آس پاس کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے، جبکہ مشرقی خان یونس کے تحلیہ علاقے میں ٹرکوں کا انتظار کرتے ہوئے مزید 17 افراد مارے گئے۔