خان یونس: (دنیا نیوز) شمالی غزہ میں سڑک کنارے بم دھماکے سے 6 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
شمالی غزہ کے علاقے بیت ہنون میں اسرائیلی فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، حملے کے بعد ایک اسرائیلی فوجی لاپتہ ہے، حملے کا نشانہ بننے والے اسرائیلی فوجی غزہ میں گھروں کو تباہ کرنے میں مہارت رکھتے تھے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق حملے کے بعد اسرائیلی ہیلی کاپٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ شدید فائرنگ بھی کی۔
علاوہ ازیں اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ہوا، قطر میں فریقین کے درمیان معاہدے کی کوششوں کے لیے بالواسطہ بات چیت ہوئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق پہلے دو ادوار میں کوئی بڑی پیش رفت نہ ہوسکی، فریقین معاہدے کے لئے اب بھی پر امید ہیں، مذاکرات کئی دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی وٹکوف اس ہفتے کے آخر میں دوحہ روانہ ہوں گے اور اسرائیل حماس مذاکرات میں شامل ہوں گے۔