اسرائیلی وزیراعظم نے بھی امریکی صدر کو نوبیل امن انعام کیلئے نامزد کر دیا

Published On 08 July,2025 05:27 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی وائٹ ہاؤس میں عشائیے پر ملاقات ہوئی، اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت سمیت دنیا میں کئی جنگیں روکنے کا ذکر کیا، انہوں نے کہا کہ تجارت کے نام پر دونوں ممالک نے جنگ روکی، پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران مذاکرات کیلئے تیار ہے، ہم نے ایران کے ساتھ مذاکرات کا شیڈول بنایا ہے، دنیا میں جنگیں رکوانے کیلئے مسلسل کوششیں کررہا ہوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی شہریوں کی دوسرے ممالک منتقلی کے سوال پر کہا کہ اسرائیل کے پڑوسی ممالک سے بہت اچھا تعاون ملا، ایران کے ساتھ مذاکرات کا شیڈول بنایا ہے، امید ہے اسرائیل ایران جنگ ختم ہو گئی، ایران پر ایک اور حملے ضرورت نہیں پڑے گی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ایسے ممالک کی تلاش پر کام کر رہے ہیں جو فلسطینیوں کو بہتر مستقبل دے سکیں، اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کر دیا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے نوبیل انعام کمیٹی کو ایک خط بھیجا ہے جس میں انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاک بھارت بحران میں صدر ٹرمپ کے فیصلہ کن سفارتی مداخلت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کا فیصلہ کیا تھا۔

بعد ازاں حکومت پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام دینے کی سفارش کا خط ناروے کی نوبیل کمیٹی کو بھیجا، اس کے علاوہ ریپبلکن رکن کانگریس کی جانب سے صدر ٹرمپ کو اسرائیل، ایران جنگ بندی میں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں نوبیل امن انعام 2026 کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔