غزہ: (دنیا نیوز) قابض اسرائیلی فوج کا غزہ میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رہی۔
صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں 24 گھنٹے میں مزید 95 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 58 ہزار سے تجاوز کر گئی،1 لاکھ 38 ہزار 500 سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے۔
عرب میڈیا کے مطابق تازہ حملے میں مصروف مارکیٹ اور پانی کی تقسیم کے مرکز کو ٹارگٹ کیا گیا، غزہ سٹی کی مارکیٹ پر اسرائیلی حملے میں 17 فلسطینی شہید ہوئے، نصیرات پناہ گزین کیمپ میں پانی کے مرکز پراسرائیلی حملے میں بچوں سمیت 10 افراد شہید، خان یونس کے مغرب میں ایک علاقے میں گولہ باری کی گئی۔
غزہ کی صورتحال سنگین ہوچکی ہے،ایندھن کی کمی کی وجہ سے اقوام متحدہ کی 8 مختلف ایجنسیوں کے آپریشنز بند ہوگئے، ادویات کی قلت اور غذائی کمی کا شکار نومولود دم توڑ رہے ہیں، اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے پانی صاف کرنے اور صفائی کے ادارے بند ہو گئے۔
غزہ کے 21 لاکھ افراد کو اس جنگ اور اسرائیل کی ناکہ بندی نے قحط کے دہانے پر لا کھڑا کردیا ہے۔