غزہ میں صیہونی فورسز کی بربریت جاری، مزید 94 فلسطینی شہید

Published On 16 July,2025 09:10 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل فورسز کی جانب سےغزہ میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، 24 گھنٹے میں مزید 94 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا نے طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں ہے کہ غزہ میں گزشہ 24 گھنٹے کے دوران کم از کم 94 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 21 افراد وہ بھی شامل ہیں جو امداد کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، خان یونس کے جنوبی علاقے میں قائم غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے امدادی مرکز پر خوراک لینے کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث بھگدڑ مچنے اور دم گھٹنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

اس سے قبل، اسرائیلی فوج نے المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنایا ، جس میں 9 فلسطینی شہید ہو گئے، جی ایچ ایف نے جنوبی خان یونس میں امدادی مرکز پر پیش آنے والے واقعے کا ذمہ دار حماس سے وابستہ افراد کو قرار دے دیا۔

جی ایچ ایف کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہجوم میں افرا تفری اور خطرناک بھگدڑ کے دوران کم از کم 19 افراد کچلے گئے جبکہ ایک شخص کو چاقو کے وار سے قتل کیا گیا، بیان میں کہا گیا کہ’ہمارے پاس مستند شواہد موجود ہیں کہ ہجوم میں موجود حماس سے منسلک کچھ مسلح افراد نے دانستہ طور پر اس بدامنی کو ہوا دی‘۔

واضح رہے کہ جی ایچ ایف کو اس کے قیام (مئی) سے اب تک شدید تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اس کے امدادی مراکز یا ان کے آس پاس 800 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔