اسرائیل کی شام میں اہم مقامات پر بمباری، متعدد اہلکار جاں بحق

Published On 16 July,2025 06:30 pm

دمشق: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کی جانب سے شام کے دارالحکومت دمشق میں اہم مقامات پر حملہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے شامی وزارتِ دفاع کی عمارت پر بم باری کی ہے، بمباری میں سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت و زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک اور دھماکا سنا گیا ہے، اسرائیل نے شام میں صدارتی محل کے قریب بھی حملہ کیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) نے تصدیق کی کہ یہ حملہ بدھ کے روز کیا گیا اور کہا کہ وہ جنوبی شام میں دروز شہریوں پر جاری کارروائی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا: "فوج سیاسی قیادت کی ہدایت پر دمشق اور اطراف میں کارروائیاں کر رہی ہے اور مختلف خطرات کے لیے تیار ہے۔"

شامی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا لیکن قریب سے گزرنے والے دو شہری زخمی ہوگئے، یہ حملہ ایسے وقت پر ہوا ہے جب شام کے دروز اکثریتی علاقے سویدا میں بھی فسادات اور اسرائیلی حملے جاری ہیں۔