غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ تھم نہ سکا، مزید 78 فلسطینی شہید

Published On 15 July,2025 05:32 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی افواج کی محصور فلسطینیوں پر بمباری ،فائرنگ اور ڈرون حملے جاری، گزشتہ 24گھنٹوں میں 78فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق شہدا میں متعدد امدادی سامان کے متلاشی شہری بھی شامل ہیں، رفاہ امدادی تقسیم مرکز پر اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید ہوئے ، غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں پر اسرائیلی بمباری میں 15 فلسطینی شہید ہوئے۔

خان یونس ، مشرقی جانب میں التفاح اور الشجاعیہ کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، وسطی غزہ کے البریج کیمپ کے کمرشل سینٹر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 4 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ:شہدا کی مجموعی تعداد 58 ہزار 386 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 39 ہزار 77 فلسطینی زخمی ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ کی صورتحال سنگین ہوچکی ہے،ایندھن کی کمی کی وجہ سے اقوام متحدہ کی 8 مختلف ایجنسیوں کے آپریشنز بند ہوگئے، ادویات کی قلت اور غذائی کمی کا شکار نومولود دم توڑ رہے ہیں، اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے پانی صاف کرنے اور صفائی کے ادارے بند ہو گئے۔

غزہ کے 21 لاکھ افراد کو اس جنگ اور اسرائیل کی ناکہ بندی نے قحط کے دہانے پر لا کھڑا کردیا ہے۔