اسرائیلی فورسز کا غزہ کے واحد چرچ پر حملہ ، 2 افراد ہلاک، پادری سمیت متعدد زخمی

Published On 17 July,2025 06:52 pm

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل فوج نے غزہ کے واحد کیتھولک چرچ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ پادری فادر گیبریل رومانیلی سمیت متعدد افرادزخمی ہوگئے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں لاطینی آرکیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے میں ہولی فیملی چرچ کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

ال اہلی عرب ہسپتال کے قائم مقام ڈائریکٹر کےمطابق زخمیوں میں ایک معذور بچہ، 2 خواتین اور ایک بزرگ شہری شامل ہیں جبکہ 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی ٹینکوں کی جانب سے چرچ پر شدید شیلنگ کی گئی۔

اسرائیلی حملےکے وقت چرچ میں اسرائیلی نسل کشی کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے دعا کی جارہی تھی، اسرائیلی فوج کا نشانہ بننے والے اس چرچ میں اُن مسیحیوں اور مسلمانوں نے پناہ لے رکھی تھی جو اسرائیلی حملوں میں گھروں سے محروم ہوگئے تھے۔

کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور چرچ پر اسرائیلی حملے میں جاں بحق اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اُنہیں امید ہے کہ خطے امن کے لیے فریقین کے درمیان جلد بات چیت کا آغاز ہوجائےگا۔