اسرائیلی حملے نہ رکے، امداد کے منتظر 10 افراد سمیت مزید 54 فلسطینی شہید

Published On 15 August,2025 10:27 am

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی قابض فوج کے غزہ پر حملے نہ رکے، تازہ حملوں میں مزید 54 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں امداد کے منتظر 10 افراد سمیت مزید 54 فلسطینی شہید ہوئے، یہ ہلاکتیں غزہ اور رفح کے قریب ایک امدادی مقام پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں ہوئیں۔

وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے جبری قحط کے باعث غذائی قلت سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے، بھوک کی شدت سے مزید 4 فلسطینی انتقال کر گئے جس کے بعد غزہ میں غذائی قلت سے اموات کی تعداد 239 تک پہنچ گئی ہے جس میں 106 بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے الحاق اور یہودی آبادکاری میں توسیع کے اسرائیلی منصوبے کے خلاف حماس نے آج یوم غضب منانے کا اعلان کیا ہے۔

ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ گریٹر اسرائيل کے نظریے میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور اس حوالے سے وہ ایک تاریخی اور روحانی مشن پر ہیں۔