یوکرین کے خلاف لڑنے والے شمالی کوریائی فوجیوں کے لیے اعزازات

Published On 24 August,2025 09:53 am

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ان فوجیوں کو اعزازات سے نوازا جو یوکرین میں روس کے ساتھ مل کر لڑے۔

اس تقریب میں کم جونگ ان نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تصاویر پر پھول رکھے اور واپس آنے والے سپاہیوں کو گلے لگا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔

کوریائی سنٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق تقریب حکمران ورکرز پارٹی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جہاں سپاہیوں کو قومی ہیروز قرار دیا گیا جنہوں نے اپنی جوانی اور زندگیاں قربان کیں۔

جنوبی کوریا اور مغربی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مطابق شمالی کوریا نے 2024 میں روس کو 10 ہزار سے زائد فوجی بھیجے تھے، جن میں سے تقریباً 600 ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے۔

کم جونگ ان نے کہا کہ فوجی گولیوں اور بموں کی بارش میں عظیم اعزاز کے ساتھ وطن واپس لوٹے، انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کمانڈنگ افسران کو ڈی پی آر کے ہیرو کے خطاب سے بھی نوازا۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور یادگاری دیوار پر پھول بھی رکھے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے اپریل 2025 میں روس کو فوجی بھیجنے کی باضابطہ تصدیق کی تھی، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے حال ہی میں ایک خط میں ان فوجیوں کو ہیرو قرار دیا تھا۔