قطر، مصر کا حماس کے بیان کا خیر مقدم، امریکا کیساتھ رابطہ کاری شروع

Published On 04 October,2025 03:29 am

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر اور مصر کی جانب سے حماس کے بیان کا خیر مقدم کیا گیا۔

قطر کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے مصر اور امریکا کے ساتھ رابطہ کاری شروع کردی، قطری وزارت خارجہ کے مطابق وہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وہ صدر ٹرمپ کے فوری جنگ بندی کے مطالبے کی بھی حمایت کرتے ہیں تاکہ غزہ میں خونریزی کا خاتمہ اور یرغمالیوں کی محفوظ رہائی ممکن ہو سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ جنگ کے خاتمے تک پہنچنے کے منصوبے پر بات چیت جاری رکھنے کے لیے مصر اور امریکا سے رابطے شروع کردیے گئے۔

مصر نے کہا عرب ممالک امریکا اور یورپ کے ساتھ ملک غزہ جنگ بندی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، حماس کے ٹرمپ کے غزہ پلان پر جواب کے بعد مثبت پیشرفت کی امید ہے۔

مصر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے غزہ پلان پر حماس کے ردعمل کے بعد مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ مصر کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ عرب ممالک، امر یکا اور یورپی ممالک کے ساتھ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لا ئی جائیں گی۔

سیکرٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس نے بھی حماس کے رد عمل کا خیر مقدم کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا فوری جنگ بندی کے ساتھ قیدیوں کی رہائی ہونی چاہئے، فرانسیسی صدر نے کہا امن کی جانب فیصلہ کن پیش رفت کا اب موقع ہے، امریکا اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔