حماس کا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار نہ ڈالنے کا اعلان

Published On 03 October,2025 12:40 pm

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار نہ ڈالنے کا اعلان کردیا۔

حماس کے سینئر رہنما محمد نزال نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ اسرائیلی مطالبہ ہے کہ حماس فلسطینی ریاست کے قیام سے پہلے غیر مسلح ہو جائے لیکن یہ ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کی کسی بھی مزاحمتی تحریک نے آزادی سے قبل اپنے ہتھیار نہیں ڈالے، جنوبی افریقہ، افغانستان، ویتنام، الجزائر اور آئرلینڈ میں کبھی بھی مزاحمتی تحریکوں سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ آزادی سے پہلے نہیں کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم اپنے ہتھیار صرف اسی صورت میں چھوڑے گی جب ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہوگی۔

حماس کے سیاسی بیورو کے رکن محمد نزال نے کہا ہے کہ تنظیم امریکی صدر کے منصوبے پر غور کر رہی ہے اور جلد ہی اپنے مؤقف کا باضابطہ اعلان کرے گی تاکہ جلد اس جنگ کا خاتمہ ہوسکے، حماس بطور فلسطینی مزاحمتی قوت فلسطینی عوام کے مفاد میں فیصلہ کرنے کا حق رکھتی ہے۔