غزہ: (دنیا نیوز) ٹرمپ کی تجویز پر حماس کے مثبت ردعمل پرغزہ میں فلسطینیوں نے جشن منایا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امن کی جانب پیشرفت کے بعد فلسطینی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بچے، نوجوان بھنگڑا ڈالتے ہوئے پناہ گاہوں سے نکل آئے۔
فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ غزہ کی گلیوں میں رونقیں بحال ہونے کی امید ہے، فلسطینیوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں امن کے لئے جاری مذاکرات خوش آئند ہیں، فوری امن ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ حماس نے ٹرمپ کی غزہ میں سیز فائر تجویز پرعملدرآمد کا اعلان کر دیا ہے، حماس کا کہنا ہے کہ تمام اسرائیلی یر غمالیوں کو رہا کرنے کو تیار ہیں، اسرائیلی فو ج کو غزہ سے مکمل انخلا کرنا ہوگا، حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ 20 نکاتی غزہ امن منصوبے پر اپنا جواب ثالثوں کے پاس جمع کرا دیا ہے۔
خبر ایجنسی نے بتایا کہ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے پر اپنی آمادگی کی توثیق کرتے ہیں لیکن فوری طور پر ثالثی ممالک کے ذریعے اس معاہدے پر بات چیت میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
حماس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ پر اپنی جنگ ختم کرے اور اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا یقینی بنایا جائے تو وہ تمام اسرائیلی قیدیوں چاہے وہ زندہ ہوں یا ہلاک ہوچکے کو رہا کرنے کے لئے تیار ہے۔