تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پانی کی قلت کے باعث تہران شہر خالی کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ایرانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا تہران میں پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، پانی کے شدید بحران کے باعث شہر خالی کرنا پڑ سکتا ہے، آنے والے دنوں میں بارش نہ ہوئی تو تہران میں پانی کی شدید قلت ہوگی۔
صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ نومبر کے آخر یا دسمبرکے شروع میں تہران میں پانی کی راشننگ شروع کریں گے، راشننگ کے دوران بھی بارش نہ ہوئی تو تہران خالی کروانا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران کے مرکزی ذخائر میں صرف 2 ہفتوں کا پانی باقی ہے، اس سال ایران میں بارش میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ایران کے کئی صوبوں میں 50 سے 80 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے۔
ایرانی حکام کا مزید کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کی امید عام طور پر سردیوں میں ہوتی ہے، بارش سے صورتحال بہتر ہوسکتی ہے، اس وقت ایران شدید خشک سالی کا شکار ہے۔



