غزہ کے ہسپتالوں میں زندگی اور موت کی جنگ، دواؤں کی شدید قلت

Published On 23 December,2025 11:48 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں دواؤں کی شدید قلت پیدا ہوگئی جس کے باعث ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہزاروں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق ضروری ادویات کی کمی کے باعث مریضوں کا علاج بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹس اور بلڈ بینک سے متعلق سامان کی قلت 59 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے تشخیص اور ہنگامی علاج میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

غزہ کے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے مطابق کئی ایسی دوائیں مکمل طور پر ختم ہوچکی ہیں جو مریضوں کی جان بچانے کے لیے ناگزیر تھیں، محدود وسائل کے باعث مریضوں کی صحت یابی ممکن نہیں رہی۔

اگرچہ غزہ میں جنگ بندی ہوچکی ہے تاہم انسانی امداد اور طبی سامان کی ترسیل اب بھی ضرورت کے مطابق نہیں ہو پا رہی، محکمۂ صحت نے عالمی اداروں سے فوری طور پر دواؤں، لیبارٹری آلات اور بلڈ بینک کے سامان کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنگ کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ میں 34 اسپتالوں سمیت 125 صحت کے مراکز کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔

جنگ بندی معاہدے کے تحت گزشتہ روز اسرائیلی قید سے رہا کیے گئے 6 فلسطینی قیدی دیرالبلح کے ایک ہسپتال منتقل کیے گئے جبکہ 10 ہزار سے زائد فلسطینی اب بھی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔