بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی ( آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے آئندہ سال روس کا دورہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لئے اپنی امیدواری پیش کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد ہی غالباً مارچ میں ماسکو میں ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا کہ وہ آئندہ مہینوں میں ایران کے بوشہرنیوکلیئر پاور پلانٹ کے دورے کے انتظامات پر کام کر رہے ہیں۔
ایران کے ساتھ تعلقات پیچیدہ ہیں، تاہم میں ان سے مسلسل رابطے میں ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت اقوامِ متحدہ وینزویلا اور امریکا کے درمیان مکالمے کو مؤثر طور پر فروغ نہیں دے پا رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت ضروری ہے، جو اس وقت اقوامِ متحدہ فراہم نہیں کر رہی، اسی لئے ایسی نئی قیادت کی ضرورت ہے جو اس عمل کو آگے بڑھا سکے۔



