روسی کمپنی کا سخوئی 57 کی نئے ففتھ جنریشن انجن کے ساتھ کامیاب آزمائشی پرواز کا دعویٰ

Published On 24 December,2025 04:44 am

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے اپنے لڑاکا طیارے سخوئی 57 کی نئے ففتھ جنریشن انجن کے ساتھ کامیاب آزمائشی پرواز کا دعویٰ کیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس نے ’سخوئی سو 57‘ لڑاکا طیاروں میں نئے فیفتھ جنریشن انجن کے آزمائشی ٹیسٹ شروع کر دیئے ہیں، روس کے سرکاری ادارے رویسٹک کے مطابق سخوئی 57 فائٹر جیٹس کو جس نئے ففتھ جنریشن انجن سے لیس کیا گیا ہے اس انجن کا نام پراڈکٹ 177 (Izdeliye 177)ہے، رویسٹک کا دعویٰ ہے کہ اس تجربے کے بعد کی گئی پہلی آزمائشی پرواز کامیاب رہی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ انجن نے آزمائشی پرواز کے دورا ن توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائی اور قابلِ بھروسہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کمپنی کے مطابق پراڈکٹ 177 انجن کی تھرسٹ 16 ہزار کلو ہے یعنی جہاز کا انجن 16 ہزار کلو کے برابر فورس پیدا کرتا ہے۔

رویسٹک نے اپنی ذیلی کمپنی یونائیٹڈ انجن بلڈنگ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور میٹرئیل کے ساتھ ساتھ اس میں جدید ڈیزائن سلوشنز ہیں جس سے یہ انجن واضح طور پر تکنیکی لحاظ سے بہت بہتر ہے۔

واضح رہے کہ 2010ء کے بعد سے سخوئی 57 ایک عبوری انجن ’’آرٹیکل 117‘‘ کے ساتھ پرواز کر رہا ہے اور یہی انجن سخوئی 35 میں بھی استعمال ہو رہا ہے، 2017ء میں بتایا گیا تھا کہ سخوئی 57 کے لئے نئے جدید انجن پر کام ہو رہا ہے۔

دسمبر 2021ء میں روس کے ڈیفنس انڈسٹری کمیشن کے نائب صدر آندری ایلچانوف نے بتایا تھا کہ 2027ء کے بعد سے سخوئی۔ 57 نئے جدید انجن کے ساتھ دستیاب ہو گا۔

رویسٹک کا کہنا ہے کہ وہ سخوئی 57 کو اپ گریڈ کر رہا ہے اور اُن کی پروڈکش بھی بڑھا رہا ہے، رویسٹک کے مطابق اس سے روس کی مسلح افواج کو ناصرف زیادہ جہازوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی بلکہ بیرونی خریداروں کو سخوئی 57 کا نیا ویرئنٹ فروخت بھی کیا جا سکے گا۔