امن معاہدے کیلئے روسی اور یوکرینی صدر دونوں سنجیدہ ہیں، ٹرمپ

Published On 29 December,2025 12:58 am

فلوریڈا: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امن معاہدے کیلئے روس اور یوکرین کے صدور سنجیدہ ہیں۔

فلوریڈا میں یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے روسی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کی، بعدازاں صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ پیوٹن کے ساتھ میری 75 منٹ طویل گفتگو ہوئی جس کے بعد مجھے یقین ہوگیا ہے کہ روس جنگ ختم کرنے کیلئے تیار ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امن مذاکرات اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے بات چیت بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، یوکرین اور روس دونوں ہی جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں، میں زیلنسکی سے ملاقات کے بعد ایک بار پھر پیوٹن سے رابطہ کروں گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے زیلنسکی سے ملاقات کی تھی، ملاقات کے بعد ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجوزہ امن معاہدے کی کوئی حتمی ڈیڈ لائن نہیں، تاہم یہ یوکرین کیلئے بڑے معاشی فوائد کا باعث بنے گا۔