صدر مادورو کی آج عدالت پیشی متوقع، جیل کے باہر امریکی کارروائی کیخلاف احتجاج

Published On 05 January,2026 10:09 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو آج مین ہیٹن کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، حراستی مراکز کے باہر شہریوں نے امریکی کارروائی کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔

وینزویلا کے اسیر صدر نکولس مادورو پر منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلے گا، وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی آج ہوگا۔

خیال رہے کہ وینزویلا پر گزشتہ روز امریکی حملے کے بعد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو پکڑ کر طیارے میں نیویارک پہنچایا تھا۔

وینزویلا کے اسیر صدر نکولس مادورو کے لیے نیویارک کے حراستی مرکز کے باہر شہریوں کا احتجاج ہوا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی کارروائی قابل مذمت ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلین میں واقع میٹروپولیٹن حراستی مرکز کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر وینزیلا کے صدر کی حمایت اور جنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔

حراستی مرکز کے باہر احتجاج کرنے والوں نے وینزویلا کی سرزمین پر امریکی مداخلت کے خلاف نعرے لگائے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ تیل کے لیے خون بہانے سے گریز کیا جائے۔

امریکا کے علاوہ کئی ممالک میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے ہوئے جن میں ترکیہ، سپین اور بھارت شامل ہیں۔