ابوجا، نئی دہلی: (ویب ڈیسک) نائیجیریا کی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی نے لاگوس کی مرکزی بندرگاہ پر ایک تجارتی جہاز سے 31 کلو کوکین برآمد کر کے بھارتی عملے کے 22ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لاگوس کی اہم بندرگاہ پر ایم وی آروانا ہولیا جہاز کی تلاشی کے دوران 31.5 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، جہاز مارشل آئی لینڈز سے روانہ ہوا تھا، گرفتار عملے میں جہاز کے ماسٹر شرما ششی بھوشن کے ساتھ 21 دیگر بھارتی عملے کے ارکان شامل ہیں۔
گرفتار افراد میں بھارتی منوج کمار، بھالراو نیلیش مکند، نادر انتھونی میکسن ڈیوڈ، کولوسو سرینواس راؤ، ساگر گوراو، فرانسس اینٹو بیمس نیسٹر، جگدیپ سنگھ، جئے پرکاش، پربھوخان سنگھ، نیواج سندیش سُرش، پانڈے پرشانت، نِتو انند، آکاش بابو، داساری راجو، ریڈی نندیکا سنجیبا، رانا نیویش، میلیتھیل، انصاف رحمان، بارلا چندنیا کرشنا، گوش اریجیت، موندل رَحان اور گنگوار شیو اوم شامل ہیں۔
اس کارروائی کے علاوہ ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی نے دسمبر 2025 میں بھی متعدد منشیات برآمد کیں، 24 اور 29 دسمبر کو لاگوس کی ایک کورئیر کمپنی سے کیٹامین، ایکسٹسی اور ٹراماڈول کی گولیاں برآمد ہوئیں جو زیمبیا اور برطانیہ بھیجی جا رہی تھیں، نومبر میں ایجنسی نے 20 فلپائنی بحری عملے کو گرفتار کیا تھا جو برازیل سے کم از کم 20 کلو کوکین لا رہے تھے۔
اسی دوران ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی نے امریکی اور برطانوی انسداد منشیات ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک کارٹل کی تحقیقات بھی شروع کی تھیں، جس کے تحت لاگوس کے بندرگاہ پر ایک کنٹینر میں 1,000 کلو کوکین برآمد ہوئی تھی۔



