ڈیلسی روڈریگز نے قائم مقام صدر وینزویلا کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

Published On 06 January,2026 01:02 am

کراکس: (دنیا نیوز) وینزویلا کی سینئر سیاسی رہنما ڈیلسی روڈریگز نے قائم مقام صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب دارالحکومت میں منعقد ہوئی، جس میں حکومتی وزرا، اعلیٰ سرکاری عہدیداران اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی، ڈیلسی روڈریگز نے حلف اٹھانے کے بعد قوم سے خطاب میں ملکی استحکام، قومی خودمختاری اور عوامی فلاح کو اپنی ترجیحات قرار دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق اپنے پہلے باضابطہ بیان میں قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکا کو باہمی تعاون اور مل کر کام کرنے کی دعوت دی، ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا عالمی برادری کے ساتھ متوازن، باعزت اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اور وینزویلا کے درمیان اختلافات کے باوجود بات چیت اور سفارتی روابط کے ذریعے مسائل کا حل ممکن ہے، ڈیلسی روڈریگز نے زور دیا کہ ان کی حکومت وینزویلا کے قومی مفادات کا مکمل تحفظ کرے گی اور کسی بھی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی بحالی، عوامی مسائل کا حل اور سماجی انصاف ان کی حکومت کے بنیادی اہداف ہوں گے، ادھر سابق صدر نکولس مادورو کے بیٹے نکولس مادورو گویرا نے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق نکولس مادورو گویرا نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈیلسی روڈریگز تجربہ کار، باصلاحیت اور قومی مفادات کی بھرپور نمائندگی کرنے والی رہنما ہیں، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈیلسی روڈریگز کی قیادت میں وینزویلا موجودہ چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔